عاشورہ کی خیرات کی برکات
عاشورہ کے روز ملک’’رے‘‘میں قاضی صاحب کے پاس ایک سائل آکر عرض گزار ہوا : میں ایک بہت نادار وعیال دار آدمی ہوں آپ کو یومِ عاشورہ کا واسطہ! میرے لیے دوسیر روٹی، پانچ سیر گوشت، اوردس درہم کا انتظام فرمادیجئے، اللّٰہ تَعَالٰی آپ کی عزت میں برکت دے۔ قاضی صاحب نے کہا : ظہر کے بعد آنا۔فقیر ظہر کے بعد آیا تو کہا : عصر کے بعد آنا۔وہ عصر کے بعد پہنچا تب بھی کچھ نہیں دیا خالی ہاتھ ہی ٹَرخا دیا۔فقیرکا دل ٹوٹ گیا۔ وہ رنجیدہ رنجیدہ ایک نصرانی(کرسچین) کے پاس پہنچا اوراس سے کہا : آج کے مقدس دن کے صدقے مجھے کچھ دیدو۔اس نے پوچھا : آج کون سادن ہے؟ جواب دیا : آج یوم عاشورہہے۔ یہ کہنے کے بعد عاشورہ کے کچھ فضائل بیان کیے۔ اس نے سن کر کہا آپ نے بہت ہی عظمت والے دن کا واسطہ دیا، اپنی ضَرورت بیان کیجئے۔ سائل نے اس سے بھی وُہی ضَرورت بیان کردی۔اُس آدمی نے دس بوری گیہوں ، سوسیرگوشت اور بیس دِرہم پیش کرتے ہوئے کہا : یہ آپ
کے اَہل وعِیال کے لیے زندگی بھر ہر ماہ اس دن کی فضیلت وحرمت کے صدقے مقرَّر ہے۔ رات کو قاضی صاحب نے خواب دیکھا کہ کوئی کہہ رہا ہے نظر اٹھا کر دیکھ!جب نظر اٹھائی تو دو عالیشان مَحَل نظر آئے، ایک چاندی اور سونے کی اینٹوں کا اور دوسرا سرخ یاقوت کا تھا۔قاضی نے پوچھا : یہ دونوں محل کس کے ہیں ؟جواب ملا، اگر تم سائل کی ضَرورت پوری کردیتے تو یہ تمہیں ملتے مگر چونکہ تم نے اُسے دھکّے کھِلانے کے باوُجُود بھی کچھ نہ دیا اس لئے اب یہ دونوں محل فُلاں نصرانی(کرسچین) کے لئے ہیں ۔ قاضی صاحب بیدار ہوئے تو بہت پریشان تھے ۔صبح ہوئی تو نصرانی (کرسچین) کے پاس گئے اور اس سے دریافت کیا کہ کل تم نے کون سی’’نیکی‘‘کی ہے؟اس نے پوچھا ، آپ کو کیسے علم ہوا؟قاضی صاحب نے اپنا خواب سنایا، اور پیشکش کی کہ مجھ سے ایک لاکھ درہم لے لو اور کل کی ’’نیکی‘‘مجھے بیچ دو !نصرانی نے کہا : میں روئے زمین کی ساری دولت لے کر بھی اسے فروخت نہیں کروں گا، ربُّ العِزَّت جَلَّ جَلَالُہٗ کی رحمت و عنایت بہت خوب ہے۔لیجئے میں مسلمان ہوتا ہوں یہ کہہ کر اس نے پڑھا، اَشْھَدُ اَنْ لَّآ اِلٰـہَ اِلاَّ اللّٰہُ وَاَشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ یعنی میں گواہی دیتاہوں اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اورگواہی دیتاہوں محمداس کے بندۂ خاص اور اس کے رسول ہیں صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ۔(رَوْضُ الرِّیَاحِینْ ص۱۵۲)
![]() |
| Aashura Ki Khairaat Ki Barkaat عاشورہ کی خیرات کی برکات |


0 Comments