اَمیرِ اہلِ سنَّت کی دُعائیں(مختصر و ترمیم شُدہ)
صحرائے مدینہ ، مدینۃ الاولیا ملتان شریف :
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
یاربَّ الْمُصْطفے ٰ ...!یاربَّ الانبیا...!یاربَّ الصَّحابہ...! یاربَّ التَّابعین ...! یاربَّ الْاولیا...!اے ہمارے امامِ اعظم ابوحنیفہ کے ربّ...!اے ہمارے امام شافعی کے ربّ...!اے ہمارے امام احمد بن حنبل کے ربّ...!اے ہمارے امام مالک کے ربّ...!اے ہمارے غوثُ الاعظم کے مالک...!اے ہمارے غریب نواز کو نوازنے والے ...! اے ہمارے داتا علی ہجویری کے مولا...! اے ہمارے بہاءالدین زکریا ملتانی کے ربُّ العالمین...!اے ہمارے شاہ رکنِ عالم کے ربِّ لَمْ یَزَلْ...!اے اولیائے کرام کے پروردگار ...!اے ہم گناہ گاروں کو بخشنے والے ...!اے مریضوں کو شفا دینے والے ...!اے بے کسوں کی دستگیری فرمانے والے ...!اے ڈُوبتوں کو نکالنے والے ...!اے گرتوں کو سنبھالنے والے ...!اے ساری کائنات کو پالنے والے ...! اے ہم ذلیلوں کے سروں پر عزت کا تاج سجانے والے ...!
تیرے گناہ گار، سیاہ کار بندوں نے تیری بارگاہ سے رحمت کی بھیک لینے کے لئے گناہوں سے بھرے ہاتھ دراز کر دیئے ہیں... اے مولا! ہم اعتراف کرتے ہیں کہ گناہوں سے ہم نے زمین کو بھر دیا ہے ... اے اللہ!ہمارے اعمال نامے کی سیاہی رات کے اندھیرے کو شرما رہی ہے ... اے مولا ! نامۂ اعمال میں دور دور تک کوئی نیکی نظر نہیں
آتی... نماز ادا کربھی لیں تو ظاہری باطنی آداب سے یکسر خالی ہوتی ہے ... اے مولا! روزہ رکھا بھی تو دن بھر گناہوں سے کنارہ نہ کیا...اگر تیری راہ میں خرچ بھی کیا تو اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !اخلاص کا دور دور تک کوئی پتا نہیں... لیکن مولائے کریم! تو ہمارے دلوں کے بھید جانتا ہے ، ہمارا تیرے ساتھ یہ حُسنِ ظن ہے کہ تو ہماری ضرور بخشش کر دے گا... اے اللہ! عمر بھر تیرے محبوب تجھ سے ہماری مغفرت کا سوال کرتے رہے ... معراج کی سعادت حاصل ہوئی ، جب بھی ہمیں نہ بھولے ...اپنی قبرِ منور میں بھی ہمیں یاد فرما رہے ہیں (1)اور محشر میں بھی محبوب ہمیں یاد رکھیں گے ...کبھی پلِ صراط کے پاس سجدے میں گر کر رَبِّ سَلِّمْ اُمَّتِیْ ، رَبِّ سَلِّمْ اُمَّتِیْ (2) یعنی ” مولا! میری امت کو سلامتی سے گزار “ کی دعا کر رہے ہوں گے ...کبھی میزانِ عمل پر تشریف لائیں گے اور اپنے کرم سے ہم گناہ گاروں کے نیکیوں کے ہلکے پلے کو بھاری بنا رہے ہوں گے ۔ حوضِ کوثر پر اپنے گناہ گار امتیوں کو بھر بھر کر جام پلا رہے ہوں گے ...اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !تیرے محبوب کی یہی خواہش ہے کہ ہم تکلیف میں نہ پڑیں، ہمارا مشقت میں پڑنا رسولِ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم پر گراں گزرتا ہے ، اے اللہ! محبوب کی خاطر ہماری مغفرت کر دے ... اِلٰہُ العَالَمِیْن ! ہم پر جہنم کی آگ ٹھنڈی کر دے ۔
خدائے غفار بخش دے اب، لاجِ محبوب رکھ ہی لے اب
ہمارا غم خوار فکر ِ امت میں دیکھ آنسو بہا رہا ہے
یا اِلٰہَ العلمین! ہماری کمزوری اور ناتوانی تجھ پر آشکار ہے ، اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !گرم موسم میں دوپہر کی دھوپ ہم سے برداشت نہیں ہوتی تو مولائے کریم!جہنم کی آگ کیونکر برداشت ہوسکے گی...اے اللہ ! اگر ایئر کنڈیشنڈ روم میں نرم نرم گدیلے پر بھی کوئی مچھر ہمیں کاٹ لے تو ہم بے چین ہوجاتے ہیں تو اے اللہ ! اندھیری قبر میں بچھوکے ڈنک کیسے برداشت کریں گے ۔
ڈنک مچھر کا بھی مجھ سے تو سہا جاتا نہیں قبر میں بچھوکے ڈنک کیسے سہوں گا یاربّ
گر تو ناراض ہوا تو میری ہلاکت ہوگی ہائے میں نارِ جہنم میں جلوں گا یاربّ
عفْو کر اور سدا کے لیے راضی ہوجا گر کرم ہوگا تو جنت میں رہوں گا یاربّ
گر تیرے پیارے کا جلوہ نہ رہا پیشِ نظر سختیاں نزع کی کیوں کر میں سہوں گا یاربّ
نزع کے وقت مجھے جلوۂ محبوب دِکھا تیرا کیا جائے گا میں شاد مروں گا یاربّ
اے ربِّ بے نیاز!تیرے بے کس و عاجز بندے تیری بارگاہ میں اپنی عاجزی اور نیاز مندی کا اعتراف کرتے ہیں ۔ اے اللہ!تیرے آگے کون کیا چھپاسکتا ہے ...یا اللہ! تُو تو دِلوں کے بھید سے واقف ہے ...اے مولا !ہم تو اقبالِ جُرم کر رہے ہیں، دنیا کا دستور ہے کہ اقبالِ جُرم کرنے والے کو سزا سنادی جاتی ہے لیکن تیری رحمت کا دستور نرالہ ہے ، جو تیرے دربار میں گناہوں کا اعتراف کر کے شرمسار ہو جائے ، اس پر تیری رحمت جوش میں آجاتی ہے ... اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !تیرے محبو ب نے یہ بھی تیرا ارشاد ہم تک پہنچایا کہ تو فرماتا ہے ’’ سَبَقَتْ رَحْمَتِيْ غَضَبِيْ یعنی میری رحمت میرے غضب پر حاوی
ہے ۔ ‘‘ (3) تو اے اللہ!ہم اعتراف کرتے ہیں کہ ہم نے کام تیرے قہر و غضب کو اُبھارنے والے کیے ہیں مگر تیری رحمت تیرے غضب پر حاوی ہے ...اے مولا! تجھ سے تیرے قہر و غضب سے امان چاہتے ہیں ۔ ہمیں اپنے قہرو غضب سے محفوظ کر دے ...ہم پر اپنی رحمت کی چادر اڑھا دے ... محبوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کے طفیل ہماری، ہمارے ماں باپ کی اور تمام مسلمانوں کی مغفرت فرما...
سَبَقَتْ رَحْمَتِيْ عَلٰی غَضَبِيْ تو نے جب سے سنا دیا یارب
آسرا ہم گناہ گاروں کا اور مضبوط ہو گیا یارب
یا الٰہَ العلمین! ہم کفر سے نفرت کرتے ہیں... اے مولا!ہمیں اسلام سے محبت ہے ... ہم دنیا کی ساری دولت ترک کر سکتے ہیں، ہم سب کچھ دے سکتے ہیں، اپنی جان بھی دے سکتے ہیں، تیری قسم ہم کسی کو ایمان نہیں دے سکتے ...اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ! ہمارے اس جذبے کو مضبوط کر دے اور ہمارا ایمان سلامت رکھ لے ... مولا! محبوب کے جلووں میں مدینۂ منورہ میں شہادت نصیب فرما...جنت البقیع ہمارا مدفن بنا... اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !ہماری قبر کو محبوب کے جلووں سے آباد فرمانا... الٰہَ العالمین! محشر میں بھی محبوب کے دامنِ کرم میں جگہ نصیب کرنا...محبوب کی شفاعت نصیب کرنا... پل صراط پر آسانی عطا کرنا... اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !جنت الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا بلا حساب وکتاب پڑوس عطا فرمانا ۔
ہر وقت جہاں سے کہ انہیں دیکھ سکوں میں
جنت میں مجھے ایسی جگہ پیارے خدا دے
مولا! تُوبے نیاز ہے ، تجھے ہماری عبادت کی یقیناً حاجت نہیں مگر مولا ہمیں تیری عبادت کی حاجت ہے ۔ ہم بندے ہیں، بندگی کرنا چاہتے ہیں...یااللہ عَزَّوَجَلَّ!ہمارا دل نمازوں میں لگادے ... الہَ العالمین! ہمیں محبوب کی سنتوں کا چلتا پھرتا نمونہ بنا دے ... الٰہَ العالمین! ہمیں جھوٹ، غیبت، چغلی، وعدہ خلافی، گالی گلوچ، بدگمانی، بدکلامی، بداخلاقی، بدنگاہی اور ہر طرح کے گناہوں سے محفوظ فرما ... گناہوں کی عادتیں نکل جائیں...اے رب ِ کریم! تیری بارگاہ میں ایک خاص سوال ہے ... اے اللہ!ہماری خالی جھولیوں میں عشقِ رسول کی خیرات ڈال دے ...
یا الٰہَ العالمین!یہاں تیرے بندے دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے ہوئے ہیں، ان میں کوئی بے چارہ روزی کی وجہ سے پریشان ہوگا، اے اللہ! سب کو رزق ِ حلال فراخی کے ساتھ عطا فرما...قناعت کی دولت سے مالا مال کر دے ... اِلٰہَ العالمین! نہ جانے کتنے بے چارے قرضدار آئے ہوں گے کہ جن کی جان پر بنی ہو گی، نیندیں اُڑی ہوئی ہوں گی، اے اللہ! ان کو قرض خواہ پریشان کر رہے ہوں گے ، ان بے چاروں کے حالِ زار پر رحم کرتے ہوئے قرض کی ادائیگی کا غیب سے سامان کر دے ... مولائے کریم! نجانے کتنے مریض اور ان کے نمائندے آئے ہوں گے ... اے اللہ عَزَّوَجَلَّ ! بڑی امید لے کر آئے ہوں گے ...یا اللہ عَزَّوَجَلَّ !تیرے محبوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا واسطہ!
قرض داریاں، بے اولادیاں، مقدمے بازیاں اور گھریلو ناچاقیاں دور کر دے ۔
یا اِلٰہَ العالمین!دعوتِ اسلامی کو دن گیارہویں رات بارہویں ترقی عطا فرما ہماری مرکزی مجلسِ شوریٰ کے تمام اَراکین و نگران ، دِیگر مجالس کے اَراکین اور نگران ، تمام مبلغین، معلمین، مدرسین، محبین اور تمام اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کے مسائل پر رحمت کی نظر فرما، اِلٰہَ العالمین !ہم سب کو دِین و دُنیا کی برکتوں سے مالا مال کر دے ۔
کہتے رہتے ہیں دعا کے واسطے بندے تیرے
کر دے پوری آرزو ہر بے کس و مجبور کی
اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ-یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا... صَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَ اٰلِہٖ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم صَلٰوۃً وَّ سَلَامًا عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہ ... سُبْحٰنَ رَبِّكَ رَبِّ الْعِزَّةِ عَمَّا یَصِفُوْنَۚ(۱۸۰)وَ سَلٰمٌ عَلَى الْمُرْسَلِیْنَۚ(۱۸۱) وَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۠... لَآ اِلٰـہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَسَلَّم
٭…٭…٭…٭…٭…٭
________________________________
1 - کنز العمال، کتاب القیامة، باب الشفاعة، الجزء : ۱۴، ۷ / ۱۷۸، حدیث : ۳۹۱۰۸
2 - مسلم، کتاب الایمان، ادنی اھل الجنة منزلة فيها ، ص۱۰۷، حدیث : ۴۸۲ بالفاظ مختلفة
3 - مسلم، کتاب التوبة، باب فی سعة رحمة اللہ تعالٰی...الخ، ص۱۱۲۹، حدیث : ۶۹۷۰

0 Comments