’’جنّت ‘‘ کے تین حروف کی نسبت سے ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ‘‘پڑھنے کے 3فضائل
(1)گناہ مٹادئیے جاتے ہیں
حضرت سیِّدُنا ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ تاجدارِ رسالت،
شہنشاہِ نُبوت، مَخْزنِ جودوسخاوت، پیکرِ عظمت و شرافت، مَحبوبِ رَبُّ العزت، محسنِ انسانیت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ مغفرت نشان ہے : جو سو مرتبہ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ‘‘پڑھتا ہے اس کے گنا ہ مٹادئیے جاتے ہیں اگر چہ سمندرکے جھاگ کے برابرہوں ۔ (سُنَنُ التِّرْمِذِیّ ج۵ ص۲۸۷حدیث۳۴۷۷)
(2)سونے کا پہاڑ صدقہ کرنے کا ثواب
حضرتِ سیِّدُناابواُمامہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ خاتِمُ الْمُرْسَلین، رَحْمَۃُ الِّلْعٰلمین، شفیعُ المذنبین، انیسُ الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ ربُّ العلمین، جنابِ صادق و امین عَزَّ وَجَلَّ و صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ دلنشین ہے : جس کے لئے رات میں عبادت کرنادشوار ہویاوہ اپنا مال خرچ کرنے میں بُخْل سے کام لیتاہویاد شمن سے جہاد کرنے سے ڈرتا ہوتو وہ’’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ‘‘کثرت سے پڑھا کرے کیونکہ ایسا کرنا اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کو اپنی راہ میں سونے کاپہا ڑ صدقہ کرنے سے زیادہ پسند ہے۔ (مَجْمَعُ الزَّوَائِد ج۱۰ ص۱۱۲ حدیث۱۶۸۷۶)
(3)جنت میں کھجورکادرخت
حضرتِ سیِّدُنا عبد اللہ بن عمرو رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : جو’’سُبْحَانَ اللّٰہِ وَبِحَمْدِہٖ‘‘پڑھتاہے اس کے لئے جنت میں کھجور کا ایک درخت لگا دیا جاتا ہے۔ (مَجْمَعُ الزَّوَائِد ج۱۰ ص۱۱۱حدیث۱۶۸۷۵)

0 Comments